لاہور (بیورو چیف)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید ضیاء الحسن نجفی نے کہا ہے کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے حکومت اور اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے درمیان طے شدہ معاملات اور قانونی طریقہ کار کیمطابق پیش رفت ہونی چاہیے، مدارس کی رجسٹریشن اہم معاملہ ہے، جسے باہمی مشاورت، اعتماد اور طے شدہ ضوابط کے تحت آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔میڈیا سیل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے مدارس دینیہ کا کلیدی کردار ہے، پانچوں وفاق المدارس پر مشتمل اتحاد تنظیمات مدارس کی مشاورت سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ہونے والی قانون سازی کے مطابق مدارس کی رجسٹریشن کا طریقہ کار طے کیا جا چکا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ اسی طے شدہ نظام کے تحت رجسٹریشن کے معاملات کو آگے بڑھایا جائے تاکہ مدارس کے ذمہ داران کسی قسم کی غیر ضروری پریشانی یا ابہام کا شکار نہ ہوں۔ علامہ سید ضیاء الحسن نجفی نے کہا کہ وفاقی نظامت مذہبی تعلیم اور سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860ء کے تحت رجسٹریشن کے معاملات طے شدہ پالیسی کے مطابق انجام دیے جانے چاہئیں۔ اس سلسلے میں انفرادی سطح پر غیر ضروری رابطوں یا ایسی ہدایات سے گریز کیا جائے جو طے شدہ طریقہ کار سے مختلف ہوں اور مدارس کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی ہوں۔




