ILOکے ڈائریکٹر مسٹر گیرتھامس کا دورہ فیصل آباد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (ILO) پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر گیر تھامس ٹونسٹول اور آئی ایل او گورننگ باڈی کے رکن چوہدری سعد نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (PESSI) کی جانب سے صنعتی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات اور اقدامات کو سراہا۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل پیسی ہیڈ آفس لاہور، میاں ندیم اکبر نے معزز مہمانوں کو ادارے کے کردار، کارکردگی، سوشل سیکیورٹی کوریج اور پنجاب بھر بالخصوص فیصل آباد میں محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی فیصل آباد ایسٹ احسان الحق، ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی فیصل آباد ویسٹ شہزاد احمد، ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی فیصل آباد نارتھ میاں ذوالفقار احمد، ڈائریکٹر میڈیکل ایسٹ ڈاکٹر عامر زیدی اور ڈائریکٹر میڈیکل ویسٹ ڈاکٹر ساجد رشید بھی موجود تھے۔مسٹر گیر تھامس ٹونسٹول نے مزدوروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پیسی کی جانب سے فراہم کی جانیوالی خدمات کو بھرپور سراہا۔ سوشل سیکیورٹی کے وسیع دائرہ کار اور محنت کش طبقے اور ان کے خاندانوں کو طبی سہولیات اور دیگر سوشل سیکیورٹی فوائد کی فراہمی کے لیے کیے جانیوالے عملی اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔انہوں نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے فروغ اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پیسی کی کاوشوں اور عزم کو بھی سراہا۔یہ دورہ پنجاب میں مزدوروں کی فلاح و بہبود، طبی سہولیات اور سماجی تحفظ کے فروغ کے لیے پیسی کی خدمات اور اقدامات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہمیت کا حامل رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں