موسم میں تبدیلی،نزلہ ،زکام ،کھانسی ،بخار ،گلے کی خرابی کے امراض میں اضافہ

ساہیوال ( بیورو چیف) شہر اور گردو نواح میں موسم کی اچانک تبدیلی کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور گلے کی خرابی سمیت مختلف موسمی امراض میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہری علاقوں میں صورت حال تشویش ناک ہونے لگی ہے، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حاجی عبد القیوم ہسپتال،ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال اور نجی کلینکس میں روزانہ سینکڑوں مریضوں کے رپورٹ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ متاثرہ افراد میں بچوں اور بزرگوں کی تعداد زیادہ بتائی جاتی ہے۔ سردی، دھند اور فضائی آلودگی میں اضافے کو بھی ان امراض کی شدت سے جوڑا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق میونسپل کارپوریشن اور محکمہ صحت کی جانب سے مچھروں، مکھیوں اور جراثیم کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات دکھائی نہیں دے رہے۔ شہری حلقوں کے مطابق ڈینگی اور دیگر حشرات کے خاتمے کیلئے متعدد علاقوں میں اسپرے نہ ہونے کی شکایات برقرار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ساہیوال سمیت مختلف علاقوںمیں طویل عرصے سے اسپرے ٹیمیں نہیں پہنچیں۔انہوں نے فوری سد باب کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں