فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ستھرا پنجاب ایجنسی کی نا اہلی فیصل آباد کے پوش علاقوں میں بھی صفائی ستھرائی کی بدترین صورتحال، شہریوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کے عملہ اور افسران کی کارکردگی دن بدن بدتر ہوتی جا رہی ہے،شہر کے پوش علاقوں میں بھی صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے شہر کے اہم ترین علاقے بڑی ڈی گرائونڈ چن ون روڈ پر کوڑے کرکٹ کا پڑا ڈھیر شہریوں کیلئے وبال جان بن گیا، یہاں کوڑا کئی روز سے پڑا ہوا ہے جسے اٹھایا نہیں جا رہا، تعفن کے باعث یہاں سے شہریوں کا گزرنا محال ہو گیا ہے ، شہر کے پوش علاقے کا یہ حال ہے تو دیہات اور دیگر پسماندہ علاقہ کا کیا حال ہو گا، ستھرا پنجاب ایجنسی کے ورکرز گھروں اور دکانوں کے مالکان سے جگا ٹیکس وصول کرنے کے باوجود کام پر توجہ نہیں دیتے، ستھرا پنجاب ایجنسی کے عملہ کی کارکردگی بہتر بنانے کی بجائے خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں، وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے 15روز کی ڈیڈ لائن دی تھی جسے بھی نظر انداز کر دیا گیا، شہری حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کی بد ترین کارکردگی کا نوٹس لیں اور غیر ذمہ دار افسران کو نوکری سے فارغ کریں۔




