فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سٹی سینئر نائب صدر میاں ساجد الرحمن نے سٹی جنرل سیکرٹری میاں ضیاء الرحمن کے ہمراہ اپنے قائد وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں سے ملاقات کی اور شہر کی مجموعی سیاست اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا’ میاں ساجد الرحمن نے سینیٹ میں عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے پر سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت عوامی مسائل اور مشکلات کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے’ امریکہ’ ایران جنگ کے اثرات خطے کے تمام ممالک پر اثرانداز ہوئے مگر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے عوامی مشکلات میں بتدریج کمی آ رہی ہے’ انہوں نے پیٹرول کی مد میں دیئے گئے ریلیف کو بھی سراہا اور کہا کہ لاکھوں افراد اس ریلیف سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور مفت پیٹرول حاصل کر رہے ہیں’ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی طرف سے فیصل آباد سمیت پورے پنجاب میں شروع کئے گئے میگا پراجیکٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب یہ میگا پراجیکٹس کی تکمیل مکمل ہو جائے گی تو عوامی مشکلات میں کمی ہو گی’ انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ہے ملک میں ترقیاتی کاموں کے انبار لگ جاتے ہیں’ انہوں نے اپنے قائد سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخاب جلد کروائے جائیں تاکہ عوامی نمائندے گلی’ محلوں کے مسائل حل کروا سکیں’ اس موقع پر سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے مسلم لیگ (ن) کے سٹی سینئر نائب صدر میاں ساجد الرحمن اور سٹی جنرل سیکرٹری میاں ضیاء الرحمن کے جذبات کو سراہا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوامی مسائل حل کئے ہیں’انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں میٹروبس کا میگا پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے’ یونہی یہ منصوبہ مکمل ہو گا فیصل آباد کی عوام اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور موجودہ حکومت کو دعائیں دیں گے’ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف دن’ رات عوامی مسائل کے حل میں لگی ہوئی ہیں انشاء اللہ ان کے دور میں تاریخی کام ہوں گے اور پنجاب کی خوبصورتی سرچڑھ کر بولے گی’ انہوں نے کہا کہ میاں ساجد الرحمن اور میاں ضیاء الرحمن جیسے پارٹی ورکر ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں’جس سیاسی پارٹی میں ان جیسے پارٹی ورکر ہوں وہ پارٹی کبھی ناکام نہیں ہوتی۔




