فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)لائلپور میوزیم فیصل آباد میں یومِ اقبال کے موقع پر شاعر مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک خصوصی ریلی کا اہتمام کیا گیاجس میں میوزیم کے افسران اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے علامہ اقبال کے افکار، فلسفہ خودی اور شاہین کی بلند پروازی کے پیغام کو اجاگر کیا۔ میوزیم فیلڈ آفیسر شہناز محمود نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی نوجوان نسل بالخصوص طلبہ کو اپنی صلاحیتوں پر یقین، خودداری، بلند حوصلے اور اپنی منفرد پہچان بنانے کا درس دیتا ہے۔ اقبال نے شاہین کو ایسی بلند کردار اور خوددار شخصیت کی علامت بنایا جو بلند مقاصد رکھتی ہے، مشکلات سے گھبراتی نہیں اور اپنی منزل کے حصول کے لئے مسلسل جدوجہد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے بچوں کو اقبال کے پیغام سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ محض خواب دیکھنے والے نہیں بلکہ علم، کردار، خود اعتمادی اور محنت کے ذریعے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے والے بنیں۔ شہناز محمود نے مزید کہا کہ لائلپور میوزیم کا مقصد تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے ساتھ نئی نسل میں علمی، فکری اور قومی شعور کو فروغ دینا بھی ہے۔ یومِ اقبال کی یہ سرگرمی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کے ذریعے اقبال کے شاہینوں تک خودی، خودداری اور سربلندی کا پیغام پہنچایا گیا۔




