کینال روڈ پر ٹریفک کے بہاؤ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کینال روڈ پر ٹریفک کے بہا ئو میں حائل رکاوٹوں اور ٹربل پوائنٹس کو دور کرنے کے لئے مختلف مقامات پر سڑکوں، یوٹرنز اور ریمپس کی ری ماڈلنگ کے امور کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ایف ڈی اے،میونسپل کارپوریشن،ٹریفک پولیس،ہائی ویز کے نمائندگان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)کو روڈز کی ری ڈیزائننگ اور تکنیکی منصوبہ بندی کے حوالے سے ضروری ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اس حوالے سے کمشنرفیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کینال روڈ پر ٹریفک مینجمنٹ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور ٹریفک کی روانی، محفوظ آمدورفت اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے مختلف تعمیراتی اور تکنیکی اقدامات پر غور کیا۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کی انجینئرنگ برانچ کی جانب سے پہلے سے تیار کردہ ڈیزائننگ اور مجوزہ ری ماڈلنگ پلان کے مختلف پہلوں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان، سی ٹی او رانا ناصر جاوید، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد عثمان غنی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ کینال روڈ پر ٹریٹ بیکری پل کے مقام پر ٹریفک کی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے سڑکوں، یوٹرنز اور متعلقہ راستوں کی ری ماڈلنگ کی جامع اور مربوط ڈیزائننگ کی جائے تاکہ ٹریفک کا بہا بلا رکاوٹ اور محفوظ بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں