کوہاٹ(بیوروچیف) گمبٹ کے علاقے دربوں کچ حملے میں شہید ہونے والے خیبر پختونخوا پولیس کے10اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔نمازِ جنازہ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، کمشنر کوہاٹ ڈویژن اور پاک فوج کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر پولیس کے دستوں نے شہدا کو سلامی پیش کی، جس کے بعد شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔یاد رہے کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران دریائے سندھ پر نواحی علاقے گمبٹ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 10پولیس اہلکار شہید جبکہ 11زخمی ہو گئے آپریشن میں18خوارج دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔دریں ثناء ۔صوابی(بیوروچیف)صوابی میں نامعلوم شرپسندوں کی پولیس پر فائرنگ سے چوکی انچارج سمیت 2 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ڈی آئی خان میں بھی دہشت گردوں نے تھانے پر حملہ کر دیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)صوابی وقاص رفیق کے مطابق گزشتہ رات پولیس چوکی منصوری کے حدود میں نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چوکی انچارج ولید خان سمیت 2 اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ نعشوں اور زخمی پولیس اہلکار کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔دوسری جانب ڈی آئی خان میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانہ بندکوائی کے مین گیٹ سے ٹکرا دی۔پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تھانے کا مین گیٹ اور دیوار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس کے پہنچنے پر دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہوگئیدریں ثناء ۔اسلام آباد(بیورو چیف) وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے امن واستحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت پرعزم ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی، شہید ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔محمد شہباز شریف نے کہا پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی، 18 خوارج کو ہلاک کرنا کے پی پولیس کی دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ بے امنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابوکچ میں غیرقانونی سونے کی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا۔آپریشن مکمل کرنے کے بعد واپس لوٹنے والی پولیس پارٹی پر جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر فتنہ الخوارج نے حملہ کر دیا، پولیس جوانوں نے حملہ آوروں کا انتہائی بہادری اور جواں مردی سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 خوارج جہنم واصل ہوئے۔اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کے ڈی ایس پی سمیت 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، بیرونی قوتوں کے ایما پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج آپس میں منظم روابط رکھتے ہیں۔




