یوم اقبال پر تقرری مقابلے ‘ طالبعلم اویس کی پہلی پوزیشن

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یومِ ولادت کے سلسلے میں منعقدہ قومی سطح کی جشنِ اقبال تقریبات میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 سمندری کے ہونہار طالب علم محمد اویس نے تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ضلع فیصل آباد کا نام روشن کر دیا۔جشنِ اقبال کی یہ تقریبات یوتھ ایمپاورمنٹ سوسائٹی، بزمِ اقبال اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے منعقد ہوئیں، جن میں علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کو اجاگر کرنے کے لیے اردو اور فارسی میں ادبی و موسیقی کے مختلف پروگرامز پیش کیے گئے۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا کے درمیان تقریری مقابلوں، بیت بازی سمیت 14 مختلف علمی و ادبی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں طلبا اور علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 سمندری کے طالب علم محمد اویس کو وفاقی وزیر احسن اقبال نے ٹرافی اور اعزازی سند پیش کی۔طالب علم کی ادارے میں واپسی پر پرنسپل ناصر اقبال وڑائچ کی جانب سے ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں پوزیشن ہولڈر طالب علماور اس کے کلاس ٹیچر و انچارج جماعت ہشتم جناح محمد کلیم (EST) کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پرنسپل اور اساتذہ نے دونوں کو پھولوں کے ہار پہنا کر ان کی محنت اور شاندار کامیابی کو سراہا۔اس موقع پر پرنسپل ناصر اقبال وڑائچ نے طالب علم، اس کے والدین اور تدریسی عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی غیر معمولی کامیابیاں نہ صرف ضلع فیصل آباد اور محکمہ تعلیم کے لیے باعثِ فخر ہیں بلکہ دیگر طلبا کے لیے بھی محنت، لگن اور تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں