فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عارف احسان ملک نے وفاقی حکومت کی جانب سے ایکسپورٹ ری فنانس سکیم کے تحت ایس ایم ایز کیلئے 300 ارب روپے مختص کرنے کے فیصلے کی بھر پور تائید کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی پائیدار ترقی اور برآمدی حجم میں اضافے کے لیے ایس ایم ای سیکٹر کو فعال بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری معاشی بحران کے تناظر میں حکومت کا یہ بروقت فیصلہ صنعتی عمل کوتیز کرنے اور نجی شعبے کا اعتماد بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کریگا۔عارف احسان ملک نے واضح کیا کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل سمیت دیگر برآمدی صنعتیں سرمائے کی کمی اور پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث شدید دباؤ کا شکار تھیں۔ ایکسپورٹ ری فنانس اسکیم کے تحت 300 ارب روپے مختص کرنے سے نہ صرف اُن کی آسان اور سستے سرمایے تک رسائی آسان ہو گی بلکہ اُن کیلئے اپنی مصنوعات کو برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی بھی راہیں ہموار ہوں گی۔




