اسلام آباد مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت (اداریہ)

امن و استحکام کا قیام نہ صرف علاقائی ممالک بلکہ پوری دنیا کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، باہمی اختلافات اور بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے تناظر میں سفارتی روابط کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پرتشویش کا اظہار اس امر کی نشاندہی کرنا ہے کہ پاکستان مسائل کے حل کیلئے مذاکرات، مفاہمت اور سفارتکاری کو اہمیت دیتا ہے۔ اسلام آباد مفاہمت کو آگے بڑھانے کی ضرورت بھی اسی تناظر میں نمایاں ہوتی ہے کہ باہمی رابطوں اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے اختلافات کم کرنے اور پائیدار امن کی راہیں تلاش کی جا سکتی ہے، پاکستان اور ایران دو برادر ہمسایہ ممالک ہیں ، جن کے درمیان تاریخی، مذہبی ، ثقافتی اور جغرافیائی تعلقات موجود ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روابط اور مشترکہ روایات پائی جاتی ہیں، سرحدی تعاون، تجارت، علاقائی سلامتی اور عوامی روابط ایسے شعبے ہیں جن میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ خطے کے وسیع تر مسائل کے حل کیلئے مثبت ماحول پیدا کر سکتے ہیں۔ پاکستان اور ایران نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے باقاعدہ مشاورت اور قریبی روابط کاری کی اہمیت پراتفاق کرتے ہوئے علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار جبکہ باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس بات کا اعادہ وزیراعظم شہباز شریف ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے تحت31ویں کانفرنس کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات میں کیا گیا۔دونوں رہنمائوںنے خطے کی بدلتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا،وزیراعظم نے جون2026ء میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی جانب سے مخلصانہ اور تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کی پائیدار مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے تہران کی بھر پور خواہش کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں اقوام متحدہ کی31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر” 2035تک گرین انرجی پر منتقلی ، مستقبل کو توانائی فراہم کرنا” کے عنوان سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مستقبل میں پائیدار اور صاف توانائی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان صاف توانائی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ صاف توانائی کی جانب منتقلی کے وعدے کو اجتماعی عزم اور عملی اقدامات کے ذریعے پورا کرنا ہو گا۔ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے وعدے پورے کرنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے بین الاقوامی مالی معاونت میں اضافے اور سستی ٹیکنالوجی تک رسائی کو یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے توانائی کے مجموعی نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ اب تقریبا 55فیصد ہو چکا ہے، پاکستان کو2035تک کم کاربن اخراج کے حامل بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کیلئے تقریباً138ارب ڈالر درکار ہیں۔جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوںکی جگہ شمسی توانائی کے استعمال کیلئے مزید50ارب ڈالر کی ضرورت ہے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 2035ء تک 35فیصد کا ہدف اسی صورت حاصل ہو گا جب رعایتی سرمایہ اورسستی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے مالی وسائل کی فراہمی ہمارے عزائم کی رفتار کے مطابق ہو گی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صاف توانائی کی جانب منتقلی کے وعدے کو اجتماعی عزم اور عملی اقدامات کے ذریعے پورا کرنا ہو گا۔ بلا شبہ وزیراعظم پاکستان کی ایرانی صدر سے ملاقات اور خطے میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار سفارتی روابط کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔ اسلام آباد مفاہمت کو آگے بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ مذاکرات کا سلسلہ جار ی رہے، باہمی اعتماد کومضبوط بنایا جائے اور اختلافات کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں، پاکستان ، ایران کے بہتر تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ہیں بلکہ پورے خطے میں امن، استحکام اور معاشی تعاون کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تصادم کے بجائے مکالمے ، کشیدگی کے بجائے مفاہمت اور بے یقینی کے بجائے پائیدارامن کو ترجیح دی جائے۔ یہی راستہ خطے کے روشن مستقبل اور عوام کی خوشحالی کی ضمانت بن سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں