اسلام آباد(بیوروچیف) اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے چین کے ساتھ اپنے روابط کے ذریعے تقریبا 20 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پورٹ فولیو کا بتایا ہے جبکہ جبکہ سعودی عرب سے متعلق اس کے اقدامات کے نتیجے میں سرمایہ کاری، تجارت اور ترسیلاتِ زر سے متعلق معاہدوں کے ذریعے 2.3 ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ کی گئی ہے۔ سینیٹ کیلئے ایس آئی ایف سی کی تیار کردہ ایک پریزنٹیشن کے مطابق، کونسل نے مختلف وزارتوں اور محکموں میں سرمایہ کاری کے 553 وعدوں کا جائزہ لیا ہے۔ ان میں سے 80 وعدے، جو مجموعی تعداد کا 14.47 فیصد بنتے ہیں، عمل درآمد کے مرحلے میں قرار دیے گئے ہیں، جن کی تخمینی مالیت 2.64 ارب ڈالر ہے۔ چین کو سرمایہ کاری کے ایک بڑے شراکت دار کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ ایس آئی ایف سی نے اپنے چین سرمایہ کاری اشتراکی پروگرام کے تحت منصوبوں کی مجموعی مالیت تقریبا 20 ارب ڈالر بتائی ہے۔ اس پورٹ فولیو میں مینوفیکچرنگ، زراعت، توانائی ذخیرہ کرنے، دوائیں بنانے (دوا سازی) اور دیگر شعبوں میں کاروباری اداروں کے درمیان روابط شامل ہیں۔ 4 ستمبر 2025کو بیجنگ میں منعقدہ پہلے پاک چین کاروباری اداروں کے درمیان اجلاس کے نتیجے میں 9.3 ارب ڈالر مالیت کی 129 مفاہمت کی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا۔ ایس آئی ایف سی کے مطابق، اس سلسلے میں ایک اعشاریہ 2 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ 19 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں منعقدہ زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے نتیجے میں 2.1 ارب ڈالر مالیت کی 99 مفاہمت کی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا، جن میں سے 56 ملین ڈالر مالیت کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ مئی 2026 میں لاہور میں منعقدہ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم (بی ای ایس ایس) کے کاروباری اداروں کے درمیان فورم کے نتیجے میں 636 ملین ڈالر مالیت کی 54 مفاہمت کی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا، جن میں سے 136 ملین ڈالر مالیت کے منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔ 24 مئی 2026 کو منعقد ہونے والی ہانگ ژو سرمایہ کاری گول میز کانفرنس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس کے تحت 6.6 ارب ڈالر کی فعال سرمایہ کاری پائپ لائن موجود ہے اور ایک اعشاریہ 2 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ ایس آئی ایف سی کی پریزنٹیشن کے مطابق، جولائی 2026 میں اسلام آباد میں دوا سازی کے شعبے سے متعلق ہونے والے روابط کے نتیجے میں 629.5 ملین ڈالر مالیت کے معاہدے طے پائے۔ کونسل نے چائنیز کمپنیوں سے متعلق متعدد منصوبوں کی بھی فہرست دی ہے۔ ان میں ایف ایف سی اور ہوا لو انجینئرنگ کا ایک اعشاریہ 2 ارب ڈالر مالیت کا کھاد سازی کا منصوبہ شامل ہے، جس کے تحت تھر کے لگنائٹ کو استعمال کرتے ہوئے کوئلے کو یوریا میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایف یو انرجی کا 240 ملین ڈالر مالیت کا الیکٹرک گاڑیوں اور سولر پینلز کی تیاری کا منصوبہ اور ایشیا پاک کا 223 ملین ڈالر مالیت کا پلازما جمع کرنے کا مرکز بھی شامل ہیں۔ دیگر منصوبوں میں ایچ آر ایل / وائی ٹی او کا 100 ملین ڈالر مالیت کا ای کامرس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی چھانٹی اور تقسیم کا منصوبہ، سوگو گروپ کا 50 ملین ڈالر مالیت کا لیتھیم بیٹری اسمبلنگ پلانٹ اور اسکائی 47 کا 120 ملین ڈالر مالیت کا ڈیٹا سینٹر منصوبہ شامل ہیں۔ پریزنٹیشن میں چائنیز روابط کے تحت مصنوعی ذہانت کیلئے کلاوڈ انفراسٹرکچر، سولر انورٹرز اور بیٹری انرجی اسٹوریج کی تیاری کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے کاروباری روابط کے پروگرام کے تحت ایس آئی ایف سی نے بتایا ہے کہ 2024 میں پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان 34 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان میں سرمایہ کاری سے متعلق 13، تجارت سے متعلق 14 اور ترسیلاتِ زر سے متعلق 7 معاہدے شامل ہیں، جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر دو اعشاریہ تین ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ کی گئی ہے۔ شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق، بجلی کے شعبے میں ایک اعشاریہ 25 ارب ڈالر، صحت کے شعبے میں 256 ملین ڈالر، زراعت اور خوراک کے شعبے میں 207 ملین ڈالر، انسانی وسائل میں 180 ملین ڈالر، پٹرولیم میں 170 ملین ڈالر، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 107 ملین ڈالر، صنعت میں 100 ملین ڈالر اور کان کنی میں 30 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ایس آئی ایف سی نے 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقدہ یورپی یونین، پاکستان بزنس فورم کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے کی بھی اطلاع دی ہے۔ اس تقریب میں ایک ہزار سے زائد شرکا شامل ہوئے جن میں 300 یورپی اور 600 پاکستانی کمپنیاں شامل تھیں۔ اس کے نتیجے میں کاروباری اداروں کے درمیان 600 سے زائد اور کاروباری اداروں اور مالیاتی اداروں کے درمیان روابط قائم ہوئے۔ یورپی انویسٹمنٹ بینک نے دو منصوبوں کیلئے 160 ملین یورو مالیت کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کیے۔ علاوہ ازیں، کونسل نے 11 شعبوں میں سرمایہ کاری کے 38 مواقع کی نشاندہی کی ہے، جن کے تحت مجوزہ سرمایہ کاری کا حجم 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرتا ہے۔ ان شعبوں میں صنعت اور پیداوار، کان کنی، تیل اور گیس، ریلوے، سڑکیں، بندرگاہیں اور بحری امور، بجلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، ادویہ سازی اور صحت، سیاحت، نیز غذائی تحفظ اور زراعت شامل ہیں۔ ایس آئی ایف سی کی پریزنٹیشن میں ان خطوں کی بھی فہرست دی گئی ہے جن کا احاطہ اس کے کنٹری ڈیسک کرتے ہیں۔ ان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین اور مشرقِ بعید، قطر اور کویت، یورپ اور براعظم امریکا، نیز وسطی ایشیائی ممالک، روس، مشرقِ وسطی اور افریقا شامل ہیں۔




