ہسپتالوں کا ویسٹ تلف کرنے کیلئے ”انسرنیٹرز”لگوانے کی سکیموں پر کام شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سرکاری و نجی ہسپتالوں کا وبائی میڈیکل ویسٹ مناسب انداز میں تلف کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ”انسرنیٹرز”لگوانے کی سکیموں پر کام شروع کرنیکا ٹاسک تفویض کیا ہے۔ڈویژنل ہاسپٹل ویسٹ سپروائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد نے چاروں اضلا ع کے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ ہاسپٹل ویسٹ کو تلف کرانے کے لئے قابل عمل ماڈلز پیش کریں تاکہ ہاسپٹل ویسٹ کو ری سائیکل ہونے سے روکا اور مناسب طریقہ کار کے مطابق تلف کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ متعدی ہاسپٹل ویسٹ بالخصوص پلاسٹک ماحول کو آلودہ کرنے کے ساتھ غیر قانونی طریقہ سے دوبارہ استعمال کے قابل بناکر انسانی صحت کے لئے شدید خطرہ ہے جس سے بچوں میں آٹزم کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے لہذا ہسپتال کی وبائی ویسٹ کو انسرنیٹ کرانا بہت ضروری ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرزسے ہاسپٹل ویسٹ کے لئے دستیاب انسرنیٹرز،نجی ہسپتالوں کے ایگریمنٹس،انسٹریٹرز امیشن کنٹرول سسٹم سے منسلک، پیدا ہونے والا ویسٹ، ہاسپٹل ویسٹ کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر،ان کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ لی اور کہا کہ ہاسپٹل ویسٹ کو تلف کرنے کی بجائے اسکی غیر قانونی خرید و فروخت کرنے والوں کے ٹھکانوں کو سیل کریں۔انہوں نے کہا کہ انسٹریٹرز کی تنصیب کے لئے نجی ایسوسی ایشنز سے رابطہ جبکہ فیصل آباد میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو بھی آن بورڈ لیں۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ آئندہ اجلاس میں مثبت پیشرفت کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ اس ضمن میں مزید اقدامات کو آگے بڑھایا جاسکے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس،ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن افضل تارڑ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رشد اقبال،ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ڈاکٹر طاہر،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود کے علاوہ سرکاری و نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ کے ارکان بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں