کینال روڈ پر ٹریفک مینجمنٹ اور ری ماڈلنگ کے منصوبے پرترقیاتی کام کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی خصوصی تحریک اور دلچسپی پر کینال روڈ پر ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور ٹریفک کے بہا میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے مخصوص مقام کی ری ماڈلنگ کے منصوبے پر ترقیاتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت پائپاں والا پل سے پہلے نہر پر ایک نیا ڈیڈیکیٹد پل تعمیر کیا جائے گا، جس کی تکمیل اور فنکشنل ہونے کے بعد ٹریٹ بیکری کے قریب آمدورفت کے لیے استعمال ہونے والے موجودہ دونوں پل بند کر دیے جائیں گے۔ اس اقدام سے مذکورہ مقام پر ٹریفک کے دبا ئواور گاڑیوں کے رش کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے کینال روڈ پر ان پلوں کی ری ماڈلنگ کے منصوبے پر عملدرآمد اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر مہر ایوب، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بتایا کہ کینال روڈ پر ٹریٹ بیکری کے قریب ٹریفک بلاک ہونے اور گاڑیوں کے غیر معمولی رش کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کے باہمی اشتراک اور مربوط حکمت عملی کے تحت قابل عمل ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرتے ہوئے اس مقام کی ری ماڈلنگ کے ڈیزائن کو حتمی شکل دی گئی، جس کے بعد منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئے پل کی تعمیر اور ٹریفک نظام کی مجوزہ ری ماڈلنگ سے کینال روڈ کے اس اہم مقام پر ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی، شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی اور ٹریفک جام کے باعث ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی بچت ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اعلی معیار اور تکنیکی تقاضوں کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے منصوبے پر موثر عملدرآمد کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی رابطہ اور باہمی کوآرڈینیشن یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔اس موقع پر چیف انجینئر مہر ایوب نے منصوبے کی تکنیکی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نہر پر تعمیر کیے جانے والے نئے پل کا سائز 10085 فٹ ہوگا، جس کے ذریعے ٹریفک کے لیے آسان، کشادہ اور محفوظ یو ٹرن کی سہولت دستیاب ہوگی۔ نئے پل کی تعمیر سے ٹریٹ بیکری کے قریب موجودہ پلوں پر ٹریفک کے غیر معمولی دبا اور گاڑیوں کے اژدھام کا خاتمہ ممکن ہوگا جبکہ کینال روڈ پر ٹریفک کی بلا تعطل اور سگنل فری روانی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ روڈ اور ٹریفک انجینئرنگ کے تحت ترتیب دیئے گئے اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک مینجمنٹ کے نظام میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو روزمرہ آمدورفت کے دوران زیادہ سہل، منظم اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں