ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر سے بچائو کے لئے ہم سب کو مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی کیونکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی ڈینگی سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد کے شعبہ سٹیزن لائزن سیل کی جانب سے انسداد ڈینگی مہم کے تحت بلا تعطل آگاہی فراہم کی جارہی ہے جس کے تحت سی ایل سی سٹاف سکولوں، کالجوں، کمیونٹیز کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر انٹریکشن کرتا ہے اور وہاں پر موجود طلبا و طالبات اور شہریوں کو ڈینگی سے بچائو بارے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کرتا ہے جو کہ وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اس ضمن میں سی ایل سی سٹاف نے گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول سمن آباد کا دورہ کیا اور وہاں پر زیر تعلیم طالب علموں کو خطرناک ڈینگی مچھروں سے بچائو کے حوالے سے لیکچر دیا اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تحریر شدہ پمفلٹس تقسیم کئے۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے واضح کیا کہ واسا ہیڈ آفس، دفاتر، عمارتوں، پانی کی ٹینکیوں سمیت دیگر مقامات پر انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں