نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں ہولناک انکشاف ہوا ہے کہ انٹرنیٹ پر مصنوعی ذہانت اے آئی بوٹس کے ذریعے کیے جانے والے سائبر حملوں میں دس گنا سے بھی زیادہ اضافہ ہو گیا ہے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سائبر سیکیورٹی کمپنی تھیلیز کی 2026 کی بیڈ بوٹ رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اے آئی بوٹس سے حملے صرف ایک سال میں 20 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچ گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگرچہ اے آئی سے ہونے والے حملوں میں یہ اضافہ اہم ہے لیکن 2025 میں اصل بڑی تبدیلی یہ تھی کہ مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن خود انٹرنیٹ کے ڈھانچے کا عام حصہ بن گئے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی سے ہونے والے حملے مختلف صنعتوں اور خطوں میں دیکھے گئے جو اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ اے آئی پر مبنی آٹومیشن کا دائرہ عالمی سطح پر پھیل چکا ہے۔اے آئی بوٹس کے نشانے پر آنے والی صنعتوں میں ریٹیل، کاروبار، تعلیم اور حکومتی شعبے سب شامل ہیں یعنی اب کوئی بھی سیکٹر اس خطرے سے محفوظ نہیں رہا۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس حوالے سے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔




