BISPرقوم کی ادائیگی کیخلاف مستحق خواتین کی شکایات

سمندری(بیورو چیف )بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم کی ادائیگی کے لیے مقرر بعض ریٹیلرز کے خلاف مستحق خواتین کی شکایات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ بائیومیٹرک تصدیق مکمل ہونے کے باوجود انہیں بروقت ادائیگی نہیں کی جاتی، بلکہ مختلف حیلوں بہانوں سے بار بار واپس بھیج کر نئی تاریخ دے دی جاتی ہے، جس کے باعث انہیں شدید گرمی، طویل انتظار اور بار بار آمدورفت کے اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔متعدد خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ ریٹیلرز مستحقین کے ساتھ غیر مناسب اور توہین آمیز رویہ اختیار کرتے ہیں خواتین کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات کے باوجود امدادی رقم کے حصول کے لیے انہیں درجنوں چکر لگانے پڑتے ہیں، جو ان کے لیے ذہنی، جسمانی اور معاشی اذیت کا باعث بن رہا ہے۔شہری، سماجی اور فلاحی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی کے نظام اور ریٹیلرز کی کارکردگی کا فوری جائزہ لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں