لاہور(بیورو چیف)ریلوے پریم یونین سی بی اے کی جانب سے لاہور ریلوے اسٹیشن پر وفاقی بجٹ 2026-27میں سرکاری ملاز مین اور پنشنرز کے مطالبات کے حق میں ایک شاندار احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں تنخواہوں اور پنشن میں 100فیصد اضافے، ایڈہاک ریلیف الائونسز کو بنیادی اسکیلوں میں ضم کر کے پے اسکیلز کی نظرثانی، مہنگائی کے طوفان کو مدنظر رکھتے ہوئے کنوینس اور ہائوس رینٹ الائونس کے فریز کو ختم کر کے ریوائزڈ اسکیلز کے مطابق 100فیصد اضافہ کرنے، ریلوے کے ٹی ایل اے اور انویلڈ ملازمین کو مستقل کرنے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل انویلڈ ہونے والے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کرنے اور دیگر مطالبات کے حق میں بھرپور آواز بلند کی گئی۔ریلی کی قیادت مرکزی صدر شیخ محمد انور ، چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری ، ڈویژنل صدر لاہور فیاض احمد شہزاد، ڈویژنل صدر ہیڈکوارٹر ناصر خان، ملک محمد جمیل، خضر حیات بیگ، بلال اکرم، جنید خرم، خالد چشتی، اسد شاہ، یاسر شاہ، طاہر گجر، اکرم گجر، محمد ارشاد، ریاض آسی، عدنان شکور، محمد انور بھٹی، فرید وارثی اور دیگر رہنماں نے کی۔اس موقع پر ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور ، چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری ، فیاض احمد شہزاد ، ناصر خان اور دیگر مقررین نے مزدوروں کے ایک بڑے اور پرجوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی نے محنت کش طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، لہذا حکومت فوری طور پر ملازمین اور پنشنرز کے مطالبات تسلیم کرے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مزدوروں کے حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ریلی کے شرکا نے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی اور قائدین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔




