فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے، محمد آصف چوہدری کی غیر معمولی انتظامی صلاحیتوں’ پیشہ ورانہ دیانتداری اور سرکاری فرائض کی مثالی ادائیگی کے اعتراف میں انہیں گریڈ20میں ترقی دے دی ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی سلیکشن بورڈ کی جانب سے ان کی مجموعی کارکردگی، قائدانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا گیا، جس کی باقاعدہ منظوری وزیر اعلی پنجاب نے فراہم کی۔ حکومت پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد آصف چوہدری کو سیکرٹری ٹو گورنمنٹ آف پنجاب، ڈویژنل کمشنر یا اس کے مساوی دیگر اہم انتظامی عہدوں پر فائز ہونے کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔ وہ اپنی پیشہ ورانہ قابلیت اور وسیع انتظامی تجربے کی بنیاد پر صوبے کے کسی بھی محکمہ میں بطور صوبائی سیکرٹری خدمات انجام دے سکتے ہیں یا کسی بھی ڈویژن کے کمشنر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔ محمد آصف چوہدری نے گریڈ 20 میں ترقی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو مزید خلوص، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیتے رہیں گے اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے وہ تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور صوبے میں شفافیت، ترقی اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ ایف ڈی اے کے افسران ،سٹاف مختلف سرکاری و سماجی حلقوں، افسران اور شہریوں کی جانب سے محمد آصف چوہدری کو گریڈ 20 میں ترقی ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔




