فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صحت دوست پالیسی کے تحت ڈویژنل انتظامیہ عارضہ قلب کے مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے، اس ضمن میں فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈونر کے تعاون سے 150بیڈز پر مشتمل نیا ایمرجنسی بلاک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئے ایمرجنسی بلاک میں پہلے مرحلہ میں 50بیڈز شامل کئے جائیں گے جہاں پر ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ،پرائمری انجیو گرافی سمیت تمام ضروری سہولیات نئے بلاک میں دستیاب ہونگی۔سکریننگ اور ای سی جی رومز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔کمشنر مریم خان نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کیلئے اقدامات بارے بریفنگ لی،سائٹ کا معائنہ بھی کیا۔سابق ایم این اے عبدالمنان،ڈونر سیٹھ افتخار، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضااورایم ایس ایف آئی سی بھی ہمراہ تھے۔کمشنر نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد نئے بلاک کی تعمیر جلد شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایف آئی سی میں سروس ڈیلیوری اور ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔




