فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں ستھرا پنجاب اتھارٹی قائم’ ایف ڈبلیو ایم سی کو ختم کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبہ کے دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (FWMC) اور ستھرا پنجاب کو ضم کر کے ستھرا پنجاب اتھارٹی فیصل آباد ڈویژن بنا دیا ہے جس کا پہلا ایم ڈی عابد حسین بھٹی کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ ایف ڈبلیو ایم سی کے ایم ڈی سی رئوف احمد کو ناقص کارکردگی پر او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے، ستھرا پنجاب اتھارٹی فیصل آباد کے ایم ڈی عابد حسین بھٹی قبل ازیں بھی فیصل آباد میں اے ڈی سی جی فنانس اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف ڈی اے کے عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں، عابد حسین بھٹی ایک منجھے ہوئے آفیسر ہیں، ان کی شہرت اور کارکردگی بہت اچھی ہے۔ اس وجہ سے حکومت پنجاب نے انہیں فیصل آباد میں اہم ذمہ داری سونپی ہے، عابد حسین بھٹی نے نیوز ایڈیٹر ”ڈیلی بزنس رپورٹ” ریاض ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنایا جائیگا۔ شہر اور دیہات کے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائیگی۔ محترمہ مریم نواز شریف اور حکومت پنجاب نے جو ذمہ داری سونپی ہے اسے بہتر انداز میں نبھانے کی کوشش کرونگا۔ انشاء اﷲ تعالیٰ فیصل آباد کو صفائی کے حوالے سے پنجاب کا مثالی ڈویژن بنائیں گے۔




