فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن پولیس نے 25ہزار روپے رشوت وصول کرنے پر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے 2بلڈنگ انسپکٹرز کیخلاف مقدمہ درج کر کے ایک بلڈنگ انسپکٹرمحمد اعجاز کو گرفتار کر لیا۔نادر ٹائون گلی نمبر5جج والا کے رہائشی محمد رزاق نے اینٹی کرپشن حکام کو درخواست گذارتے ہوئے بتایا کہ وہ نادر ٹائون میں اپنا مکان تعمیر کر رہا تھا کہ میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگ انسپکٹر اعجاز اور نعیم اس کے پاس آئے نقشہ نہ ہونے پر تعمیر رکوا دی اور پھر پانچ ہزار روپے لیکر چلے گئے اور چند روز بعد دوبارہ25ہزار رشوت کا مطالبہ کیا جبکہ وہ رشوت نہ دینا چاہتا ہے۔جس پر سرکل انسپکٹرراشد محمود نے مجسٹریٹ دفعہ 30محسن سلیم کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے بلڈنگ انسپکٹرمیونسپل کارپوریشن اعجاز کو 25ہزار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔




