PTIکو آزاد کشمیر انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی بجائے حصہ لینا چاہیے تھا

اسلام آباد (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہید بینظیر بھٹو کے دور سے آج تک تمام مشکلات کے باوجود جمہوری نظام کا حصہ رہی ہے۔پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا کہ تحریکِ انصاف کو آزاد کشمیر کے انتخابا ت کا بائیکاٹ کرنے کی بجائے ان میں حصہ لینا چاہئے تھا، کیونکہ انتخابی میدان خالی چھوڑنا کسی بھی سیاسی جماعت اور اس کی قیادت کیلئے نقصان دہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو کے دور سے آج تک تمام مشکلات کے باوجود جمہوری نظام کا حصہ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ یہ بات کر چکے ہیں کہ کشمیری پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اس لیے جب بھی اس نوعیت کے معاملات سامنے آئیں تو بہترین راستہ بات چیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی بھی لچک کا مظاہرہ کرے، حکومت بھی مثبت رویہ اختیار کرے تاکہ معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو سکیں۔سردار تنویر الیاس سے متعلق سوال پر گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ جب تک پارٹی میں رہے، اچھے انداز میں رہے اور پارٹی بھی انہیں ساتھ لے کر چلنا چاہتی تھی، تاہم یہ ممکن نہ ہو سکا۔ عوام میں جانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج یہ کہتے ہیں کہ عوام میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں، اس روایت کی ابتدا بھی انہوں نے خود ہی کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مکافاتِ عمل ہے، جیسے کریں گے ویسے ہی بھریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں