RPOان ایکشن،1ایس ایچ او نوکری سے فارغ دیگر کو مختلف سزائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے کرپشن’ ناقص کارکردگی اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر ایس ایچ او تھانہ ماموں کانجن سب انسپکٹر طارق محمود نوکری سے فارغ جبکہ دو ایس ایچ اوز سمیت دیگر تھانیداروں کی سروس ضبطگی کے احکامات جاری کر دیئے۔ تفصیل کے مطابق آر پی او نے گزشتہ روز پولیس لائن میں رورل روم منعقد کیا جس میں ریجن بھر کے 100 سے زائد پولیس افسران واہلکاروں کے شوکاز نوٹسز کی سماعت کی گئی۔ انہوں نے کرپشن اور ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ ماموں کانجن کو نوکری سے برخاست کر دیا جبکہ اختیارات سے تجاوز کرنے پر ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ سب انسپکٹر محسن عباس کی ایک سال کی سروس ضبط’ ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد سب انسپکٹر ساجد محمود اور انچارج انوسٹی گیشن سٹی جڑانوالہ سب انسپکٹر عدنان مرزا کی دو دو سال کی سروس ضبطگی کے احکامات جاری کر دیئے۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جھنگ گوہر کی دفتری امور میں عدم دلچسپی پر ایک سال کی پروموشن روک دی۔ علاوہ ازیں سی آئی اے میں تعینات رہنے والے ملازمان کی طرف سے شوکاز نوٹسز کا تسلی بخش جواب دینے پر فائل کر دیئے۔ آر پی او نے کہا کہ اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی جبکہ محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے افسران کے خلاف خوداحتسابی کا عمل جاری رہے گا۔ محکمہ میں کرپٹ’ نااہل’ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے اور ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے پولیس افسران واہلکاران اپنا قبلہ درست کر لیں۔ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں