فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد میں مبینہ طور پر مسلم لیگی ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے چہیتے 869 افراد کو بھرتی کر لیا گیا جن میں 186 سپروائزر’ 131 ہیلپرز اور 552 سینٹری ورکرز شامل ہیں۔ جن میں اکثریت مسلمان ورکرز ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کو ملازمین بھرتی کے احکامات جاری کئیگئے تھے اور گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب نے سمندری میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نعمان صدیق کی سرزنش بھی کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد میں مبینہ طور پر مسلم لیگی ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اور لیگی ٹکٹ ہولڈرز نے اپنے منظور نظر افراد کو بھرتی کروا لیا جن میں اکثریت مسلمان ورکرز کی بتائی جاتی ہے اور نئے بھرتی ہونیوالے بالخصوص سنٹری ورکرز خاکروب شہر بھر کی گلی’ محلوں میں صفائی کرنے کے بجائے گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرینگے۔ مشاہدہ میں آیا ہے کہ قبل ازیں بھی سرکاری محکموں میں درجہ چہارم کے ملازمین کو ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے منظور نظر افراد کو بھرتی کیا گیا تو ان کی اکثریت سفارش کی بناء پر کام نہیں کرتی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد میں نئے بھرتی ہونے والے مسلمان ورکرز کی طرف سے صفائی ستھرائی نہ کرنے پر شہر کی حالت درست نہیں ہو گی جبکہ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد عمران شمس نئے آئے ہیں اور ان کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے شدید چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا۔




