UAE اتھارٹی کاسرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد (بیوروچیف) متحدہ عرب امارت کی انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرے گی۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی متحدہ عرب امارات اور الیریا گروپ کے 8رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں چیئرمین مارٹن گریگرز پیڈرسن اور الیریا کے منیجنگ پارٹنر مانا علی محمد حماد الشمسی اور دیگر عہدیدار شریک تھے ۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں،پاکستان میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت ملک میں کاروبار و سرمایہ کاری دوست ماحول کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ۔ وفد نے وزیر اعظم کی زیر قیادت پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کی اور کہا پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین مارکیٹ بن کر ابھر رہا ہے ۔ملاقات کے بعد سرمایہ کاری بورڈ اور انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی کے مابین پاکستان کے موجودہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا جس میں وزیر اعظم نے شرکت کی۔ انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی پاکستان کے موجودہ سپیشل اکنامک زونز میں متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے عرب لیگ کی طرف سے غزہ کی تعمیر نو کے لیے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے منصوبے کی منظوری اور فلسطینیوں کے آبائی وطن سے انخلا کے کسی بھی منصوبے کو سختی سے مسترد کرنے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ ایکس پر ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا وہ پاکستان کے اس مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ دو ریاستی حل سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے جس میں 1967سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہو جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں