فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے ڈائریکٹر آپریشنز کو اس ماہ کے اختتام تک ڈسپوزل اسٹیشنز کی ڈی سلٹنگ ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے مزید کہا کہ ڈرینج ڈویژن سٹاف بھی مین چینلز اور ڈرینز لائنز کی ڈی سلٹنگ کو مکمل کریں۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ڈائریکٹرز کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سیوریج لائنوں اور ڈرینج لائنز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی مہم پر عمل درآمد کیا جائے اوراس کے تصاویری ثبوت بھی ارسال کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مون سون سیزن سے قبل ہر صورت سیوریج لائنیں، ٹرنک سیور، مین چینلز اور ڈرینج لائنز، روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ مکمل ہونی چاہیے تاکہ موسم برسات میں شہریوں کو نکاسی آب کی مزید معیاری سروسز فراہم کی جا سکیں۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ شہری سیوریج لائنوں اور مین چینلز میں ملبہ، شاپرز، پلاسٹک، بوتلیں، لکڑی کی اشیا سمیت دیگر سالڈ ویسٹ ہرگز نہ پھینکیں کیونکہ اس سے سیوریج کو ڈسپوز آف کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور شہری نکاسی آب کے مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔
