فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری روڈ جہانگیر موڑ کے قریب تیز رفتار چنگ چی رکشہ بے قابو ہو کر الٹ گیا’ 5مسافر بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نعمت آباد جھنگ روڈ کے رہائشی 23سالہ عدیل ولد فلک شیر اپنی عزیز خواتین 45سالہ نسرین زوجہ اشرف’ 40سالہ کشور بی بی زوجہ عمران’ 40سالہ شمیم بی بی زوجہ محمد علی اور 35سالہ رانی بی بی زوجہ سدھیر کے ہمراہ جا رہا تھا کہ جب وہ جہانگیر موڑ کے قریب پہنچا تو تیز رفتاری کے باعث چنگ چی رکشہ بے قابو ہو کر کھیتوں میں گر کر الٹ گیا تو اس میں سوار تمام مسافر بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچا دیا۔
