فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سپریم انجمن تاجران (رجسٹرد) کے وفد نے فیصل آباد میں تعینات ہونیوالی ڈویژنل کمشنرمریم خان سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور ان کی فیصل آباد میں تعیناتی کا خیرمقدم کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے’ سپریم انجمن تاجران (رجسٹرد) کے وفد کی قیادت چیئرمین میاں عبدالمنان سابق ایم این اے’ صدر حاجی محمد اسلم بھلی’ سینئر وائس چیئرمین رانا محمد سکندر اعظم خاں’ جنرل سیکرٹری رانا محمد ایوب اسلم منج’ سینئر نائب صدر آفتاب احمد بٹ’کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد ‘چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول’ گرے کلاتھ ایسوسی ایشن کے لیڈر ملک سلیم اقبال ‘صدر بانو بازار شہباز احمد مغل’مکی کلاتھ مارکیٹ کے صدر سلطان بٹ’ افغان مارکیٹ کے صدر عبدالرحمن مانی نے کی اس موقع پر سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ قیصر شمس گچھا بھی موجود تھے ‘ سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین میاں عبدالمنان سابق ایم این اے’ صدر حاجی محمد اسلم بھلی’ سینئر وائس چیئرمین رانا محمد سکندر اعظم خاں’ جنرل سیکرٹری رانا محمد ایوب اسلم منج و دیگر عہدیداروں نے امید کا اظہار کیا کہ اپنی تعیناتی میں ڈویژنل کمشنر مریم خان شہر کی خوبصورتی اور خاص طور پر آٹھ بازاروں کے حوالے سے کسی بھی آپریشن سے قبل تاجروں کو اعتماد میں لیں گی ‘ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں فیصل آباد کے آٹھ بازاروں میں انکروچمنٹ کے خلاف ہونے والے آپریشن کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ نے وہ کام کر دکھا جو کوئی افسر نہ کر سکا’ اس وقت آٹھ بازاروں سے انکروچمنٹ کا مکمل طور پر خاتمہ ہو چکا ہے مگر آٹھ بازاروں کو مزدے لگا کر بند کرنا کسی طور پر درست نہیں’ آٹھ بازاروں کو نوگوایریا بنا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے کاروبار پر برا اثر پڑ رہا ہے’ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے خریداروں نے بازاروں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے’ پارکنگ اور بازاروں کا فاصلہ زیادہ ہونے کی وجہ سے بزرگ اور بچے بازاروں میں آنے سے کترانے لگے ہیں’ پارکنگ سٹینڈ میں لائٹس اور صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام نہیں ہے’ پارکنگ کا عملہ منہ مانگے پیسے مانگتے ہیں’انہوں نے ڈویژنل کمشنر مریم خان کو تجویز دی کہ آٹھ بازاروں میں کم از کم موٹرسائیکل کے داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ خریداروں کو اپنی مطلوبہ دکان تک پہنچنے میں آسانی ہو’ اگر یہی حالات رہے تو بہت کم عرصے میں تاجر دکانوں کو تالے لگا کر گھروں میں بیٹھ جائیں گے کیونکہ کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے دکانوں کا کرایہ’ بجلی کا بل اور دکانوں میں کام کرنے والوں لڑکوں کی تنخواہیں دینے کی سکت ختم ہو جائے گی’ ڈویژنل کمشنر مریم خان نے تاجروں کی تجاویز نہایت اطمینان سے سنیں اور انہیںحل کرنے کا وعدہ کیا’ انہوں نے کہا کہ آٹھ بازاروں میں موٹرسائیکل کے داخلے پر ڈپٹی کمشنر سے میٹنگ کر کے اس کا حل نکالیں گے’ انہوں نے کہا کہ ہول سل مارکیٹ کو آٹھ بازاروں سے باہر منتقل کیا جائے گا جس کیلئے بھی مشاورت کے بعد عمل ہوگا’ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ چنیوٹ بازار کے باہر زیر تعمیر پارکنگ پلازہ پر رکا ہوا کام دوبارہ شروع کروانے کیلئے پنجاب حکومت سے رابطہ کر کے اسے بھی مکمل کیا جائے گا’ اس کے علاوہ پارکنگ سٹینڈ میں فوری طور پر لائٹس کا بندوبست کر دیا جائے گا تاکہ عوام کو پریشانی نہ ہو’علاوہ ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر شیخ قیصر شمس گچھا نے ڈویژنل کمشنر مریم خان کو چیمبر آف کامرس کے وزٹ کی دعوت دی جو انہوں نے خوشدلی سے قبول کر لیا انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اور شہر بھر کے تاجر مل کر فیصل آباد کو انکروچمنٹ فری اور مسائل سے پاک کریں گے۔




