شریف چوک سے ملحقہ راؤ سٹریٹ میں تجاوزات کی بھرمار،پیدل چلنا بھی محال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ شریف چوک سے ملحقہ رائو سٹریٹ میں تجاوزات کی بھرمار’ شہریوں نے گھروں کے باہر پختہ تجاوزات کرتے ہوئے تھڑے اور کمرے بنا کر لوگوں کا گزرنا محال کر رکھا ہے، اہل علاقہ نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سید علی عباس بخاری’ ریگولیشن آفیسر عظمت فردوس سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ گلی میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے رائو سٹریٹ کو اصل حالت میں بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کو گزرنے میں آسانی ہو۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ شہر کے آٹھ بازاروں کے ساتھ دیگر مین شاہراہوں پر تجاوزات کو ختم کر کے احسن اقدام کر رہی ہیں۔ جبکہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ شریف چوک رائو سٹریٹ میں وہاں کے مکینوں نے گھروں کے باہر پختہ تھڑے اور کمرے تعمیر کر رکھے ہیں، جس کی وجہ سے گزرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آئے روز پختہ تجاوزات کی وجہ سے اہل محلہ میں لڑائی جھگڑے بھی ہو رہے ہیں۔ اہل علاقہ نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں کی طرح رائو سٹریٹ شریف چوک میں بھی پختہ تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے آپریشن کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں