عالم اسلام کو اس وقت غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے ،طاہر اشرفی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل اور مرکزی علما کونسل پاکستان کے زیر اہتمام جامعہ قاسمیہ فیصل آباد میں منعقدہ تعظیم حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علما و مشائخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج حرمین شریفین کے تحفظ اور دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔ حرمین شریفین کے دفاع کے معاملے پر افواج پاکستان اور ریاست کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے تکفیری سوچ کے حامل ہیں۔ حرمین شریفین کا دفاع اور تحفظ پوری امت مسلمہ کے لیے عظیم دینی سعادت اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔کانفرنس سے انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے جنرل سیکرٹری، چیئرمین پاکستان علما کونسل، وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر اور قومی پیغام امن کمیٹی کے رکن حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، سربراہ سنی علما کونسل پاکستان مولانا محمد احمد لدھیانوی، چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مولانا عزیز الرحمن رحیمی، مولانا یوسف انور، پروفیسر نجیب اللہ طارق، مولانا محمد رفیق جامی، الحاج محمد نصیرہ وہرہ، قاری محمد نواس، حبیب الرحمن صدیقی، احسن تارڑ، چوہدری طلعت حسین ایڈووکیٹ، علامہ طاہر الحسن، مولانا محمد اعظم فاروق، حافظ مقبول احمد، مولانا سکندر حیات ذکی، مولانا عبدالصمد معاذ، محمد ادریس یزدانی، محمد ارشد قاسمی، مولانا عبدالغفار گجر، عبید اللہ گورمانی، میاں عبدالوحید، حاجی محمد عابد، محمد عابد فاروقی، کرم داد حذیفی، مولانا محمد نعیم طلحہ، قاری ثاقب عزیز، مولانا امین الحق اشرفی، مولانا عثمان تقی، مولانا عبدالرشید اور مولانا غلام اللہ سمیت دیگر علما و مشائخ نے خطاب کیا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالم اسلام اور خطے کو اس وقت غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امت مسلمہ کے اتحاد، علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور عالمی امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں پاکستان میں سیاسی اور داخلی انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں تاکہ پاکستان کی قیادت، مسلح افواج اور عوام کی توجہ عالمی حالات، امت مسلمہ کے مسائل اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں سے ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی مفادات، داخلی استحکام اور عالم اسلام کے ساتھ تعلقات کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کے دفاع کے لیے پوری امت مسلمہ متحد ہے۔ حرمین شریفین کا تقدس، تحفظ اور سلامتی پوری امت مسلمہ کا مشترکہ فریضہ ہے۔ انہوں نے حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کی حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ امت مسلمہ کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی عرب کی سلامتی اور اتحاد امت کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔سربراہ سنی علما کونسل پاکستان مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ حرمین شریفین پوری امت مسلمہ کی عقیدت و محبت کا مرکز ہیں۔ ان کے تحفظ اور سعودی عرب کی سلامتی کے معاملے پر پاکستان کے عوام، علما اور مشائخ کا موقف واضح اور غیر متزلزل ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کا استحکام اور عالمی امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کی جانب سے عالم اسلام میں امن، مکالمے اور مفاہمت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن، استحکام اور اتحاد امت کے لیے کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔کانفرنس کے مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مضبوط اور مستحکم ہونا پوری امت مسلمہ کے اجتماعی مفاد میں ہے۔ حرمین شریفین کے تحفظ، سعودی عرب کی سلامتی، پاکستان کے استحکام اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے علما و مشائخ اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ محمد عبداللہ سیکرٹری اطلاعات

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں