فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ساندل بار کے علاقہ 56 ج ب میں آئس پینے پر جھگڑا کے دوران نشئی نے فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل اور تیسرے کو زخمی کر دیا، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 56 ج ب میں ڈیرہ پر 40سالہ عظیم ولد شوکت سکنہ 56 ج ب’ 35سالہ رمیز عرف بلو ولد اشرف سکنہ 30 ج ب’ 30سالہ محسن ولد صدیق اور محمد اشرف عرف ملنگی آئس کا نشہ کر رہے تھے کہ آئس پینے پلانے پر ان کا اشرف عرف ملنگی سے جھگڑا ہو گیا تو تلخ کلامی ہونے پر اشرف عرف ملنگی نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے تینوں دوست بری طرح زخمی ہو گئے تو قاتل ہوائی فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تو گولیاں لگنے سے 40سالہ عظیم ولد شوکت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دو زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ محسن ولد صدیق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں چل بسا جبکہ تیسرے زخمی رمیز عرف بلو کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ دوہرے قتل کی واردات کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران وپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مقتولین کی نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب گرم دودھ گرنے سے10ماہ کی بچی جاں بحق، اتھرے ڈاکوئوں نے زمیندار سے 3لاکھ چھین کر مزاحمت پر گولیاں مار کر زخمی کر دیا’ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر تھانیدار کیخلاف مقدمہ، مختلف حملوں میں 2خواتین سمیت4افراد لہولہان، چالاک ملزمان کا روبار کا جھانسہ دیکر 5شہریوں کیساتھ دو کروڑ کا فراڈ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ روشن والا کے علاقہ منیانوالہ کے قریب گرم دودھ گرنے سے 10ماہ کی بچی مریم بری طرح جھلس گئی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ392گ ب میں اتھرے ڈاکوئوں نے زمیندار طاہر امین سے گن پوائنٹ پر3لاکھ چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ تھانہ سرگودھا روڈ میں مبینہ طور پر گرفتار ملزم سے بھاری نذرانہ وصول کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر سب انسپکٹر مزمل اور کانسٹیبل ثاقب کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ جبکہ جڑانوالہ کے علاقہ82گ ب میں عداوت کی بناء پر مسلح افراد نے مخالف عدنان کو گولیاں مار دیں۔ لنڈیانوالہ کے علاقہ630گ ب میں معمولی جھگڑے پر مشتعل افراد نے سائرہ بی بی اور مرید والا کے علاقہ 205گ ب میں تلخ کلامی پر ملزمان محمود وغیرہ نے ارشاد بی بی کو تشدد کا نشانہ بنا کر بری طرح زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں مقامی تاجر صدام نے سول لائن پولیس کو بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم منور نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 85لاکھ کی رقم ہتھیا لی’ غلہ منڈی کے تاجر طیب کا کہنا ہے کہ اس کے واقف کار ملزم ندیم نے 40لاکھ کا مال لیکر بدلے میں چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 229 رب کے شفقت نے بتایا کہ ملزم ظفر اقبال نے کاروبار کیلئے ساڑھے 36لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی۔ سرگودھا روڈ کے علاقہ محلہ چباں کے عدنان الیاس سے ملزم حماد نے 10لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔




