لاہور(بیوروچیف)پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران پراپرٹی ٹیکس کیلئے ای پیمنٹ لازمی قرار دی ہے۔ وزیز خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن کے مطابق پنجاب کے لائسنس یافتہ موٹر وہیکل ڈیلرز کو بھی ود ہولڈنگ ایجنٹس قرار دیا گیا ہے تاکہ ان سے خریدی گئی کسی بھی گاڑی کو صرف پنجاب میں ہی رجسٹر کیا جا سکے اور وہ اس کے بابت تمام محصولات براہ راست حکومت کو جمع کروائیں۔ اسی طرح ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کی گئی ادائیگیوں سے وصول شدہ صوبائی سیلز ٹیکس کی کٹوتی کو ممکن بنانے کیلئے بینکوں کو کولیکٹنگ ایجنٹس مقرر کیا گیا ہے تا کہ ٹیکس کی وصولی فوری اور شفاف ہو سکے ۔ ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف فسکل ڈسپلن کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ صوبائی محصولات میں اضافے سے سوشل ڈویلپمنٹ اور عوامی فلاح کے اہم منصوبوں کیلئے مالیاتی جگہ پیدا ہوگی۔علاوہ ازیںپراپرٹی ٹیکس کیلئے لیٹ پیمنٹ سرچارج میں ریلیف فراہم کرتے ہوئے اسے ماہانہ کی بجائے سہ ماہی بنیادوں پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس کی سیلف اسیسمنٹ سکیم کے تحت ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے 5 فیصد رعایت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ، اس کے علاوہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کیلئے الیکٹرک گاڑیوں پر ٹوکن ٹیکس کی چھوٹ 95 فیصد سے بڑھا کر 99 فیصد کرنے کی تجویز ہے ۔




