نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک )معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنی فلیگ شپ آئی فون 18 سیریز کی لانچنگ کی تیاری کر رہی ہے لیکن اس دوران مبینہ طور پر اہم معلومات لیک ہوگئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 سیریز کی لانچنگ میں ابھی چند ماہ باقی ہیں اور ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی کچھ ابتدائی معلومات لیک ہوئی ہیں جن سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ممکنہ فونز کس شکل میں نظر آئیں گے۔کوریائی ویب سائٹ ETNews کی ایک رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کو جدید ترین ویری ایبل اپرچر ریئر کیمرہ سسٹم کے ساتھ لانچ کیا جائے گا۔اس ٹیکنالوجی کی بدولت کیمرہ لینس ضرورت کے مطابق بتدریج کھلنے اور بند ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ اندھیرے میں زیادہ روشنی جذب کرنے اور تیز روشنی میں اضافی روشنی کو روکنے میں مدد دے گا جس سے آئی فون صارفین کیلیے فوٹو گرافی میں مزید بہتری اور لچک پیدا ہوگی۔ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ Macworld کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اس سال کا نمایاں ترین رنگ ڈارک چیری ہوگا، یہ رنگ آئی فون 17 پرو کے کاسمک اورنج رنگ کی جگہ لے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل آئی فون 18 پر کیلئے درج ذیل رنگ منتخب کر سکتا ہے،ہلکا نیلا،گہرا سرمئی ،سلور اس سے قبل لیک میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کمپنی آئی فون 18 پرو میں سیاہ رنگ کو ختم کر سکتی ہے، ایپل نے ابھی تک سیریز کی لانچنگ کی تاریخ یا ان لیکس کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی۔




