لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی برائے مصنوعی ذہانت Ali Dar اور یاسین کسانہ کے درمیان ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں پنجاب میں مصنوعی ذہانت (AI) کے فروغ، ٹریننگ پروگرامز کے اجرا، عوامی آگا ہی میں اضافہ اور مقامی سطح پر اے آئی سسٹمز کی تیاری پر اتفاق کیا گیا۔ میٹنگ میں آئی ٹی اور فری لانسنگ سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل بھی زیرِ بحث آئے، جن میں پاکستان میں PayPalکی عدم دستیابی، پیچیدہ ٹیکس نظام، بیرون ملک سے آنے والی آئی ٹی آمدن کو فارن ریمیٹنس تسلیم نہ کرنا اور کم شرح (تقریباً 1.5فیصد) ٹیکس کی ضرورت شامل ہیں۔ مزید برآں ای کامرس سیکٹر کے مسائل جیسے کورئیر چارجز میں اضافہ اور پاکستان پوسٹ کا جدید نظام میں محدود کردار بھی زیرِ غور آیا، جس پر اس ادارے کو ڈیجیٹل پیمنٹ اور جدید کورئیر سسٹم کے ساتھ اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ میٹنگ کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب میں اے آئی، آئی ٹی اور ای کامرس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔




