ساہیوال (بیورو چیف) پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن میں جاری تین روزہ ثقافتی و ادبی جشن ”ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں” کے سلسلے میں تقریری مقابلہ نہایت شاندار اور باوقار انداز میں منعقد ہوا۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے عورت کی عظمت، کردار اور معاشرتی اہمیت کے موضوع پر مدلل اور پرجوش تقاریر پیش کیں۔ تقریب کی مہمان خصوصی معروف ادبی دانشور پروفیسر نیلم شعیب تھیں جنہوں نے طلبہ کی تقاریر کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کا اتنے اہم اور حساس موضوعات پر شعوری انداز میں اظہار خیال کرنا ایک خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت محض ایک رشتہ نہیں بلکہ پوری تہذیب، تربیت اور معاشرت کی بنیاد ہے۔ اگر ماں، بہن اور بیٹی کو عزت، تحفظ اور اعتماد دیا جائے تو معاشرہ خود بخود مہذب اور مضبوط بن جاتا ہے۔ انہوں نے نوجوان مقررین کو مشورہ دیا کہ وہ مطالعے، مکالمے اور مثبت سوچ کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں تاکہ وہ معاشرے میں فکری روشنی پھیلا سکیں۔




