فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے اہتمام یومِ اقبال کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایک علمی و فکری سیمینار بعنوان”فکرِ اقبال میں عشقِ رسول ۖ کا مفہوم اور اس کے انفرادی اور اجتماعی زندگی میں تقاضے”منعقد ہوا جبکہ ساتھ ہی کلامِ اقبال پر مبنی ایک روح پرور محفلِ موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا۔تقریب میں ماہرینِ تعلیم، دانشوروں، ادیبوں اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار کے مقررین جن میں معروف سکالر اور ادبی شخصیت ڈاکٹر جعفر حسن مبارک اور پروفیسر عبد الوحید نظامی نے علامہ اقبال کے فلسفہ عشقِ رسول ۖ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ اقبال کے نزدیک عشقِ رسول ۖ محض ایک جذباتی وابستگی نہیں بلکہ ایک عملی اور انقلابی قوت ہے جو انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سنوارنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کے پیغام کو سمجھ کر موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ فکرِ اقبال میں عشقِ رسول ۖ انسان کو خودی، کردار سازی، اور اجتماعی فلاح کی طرف راغب کرتا ہے۔تقریب کے دوسرے حصے میں کلامِ اقبال پر مبنی محفلِ موسیقی کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف فنکاروں نے علامہ اقبال کی منتخب شاعری کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد مقبول احمد ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اقبال کے فلسفے کے تقاضے ہمیں نہ صرف اپنی ذاتی زندگی میں اصلاح کی دعوت دیتے ہیں بلکہ معاشرتی سطح پر بھی عدل، اخوت اور اتحاد کو فروغ دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسے ادبی و فکری پروگراموں کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو اقبال کے افکار سے روشناس کرایا جا سکے اور قومی و اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔




