اسلام آباد (سپورٹس نیوز)آزادی کپ ٹین پن بائولنگ چیمپیئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز لیزر سٹی بائولنگ کلب، صفا گولڈ، ایف سیون مرکز، اسلام آباد ہوا۔ جس کی صدارت پاکستان ٹین پن بالنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے کی۔ اجلاس میں چیمپئن شپ کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹین پن بالنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام آزادی کپ ٹین پن بالنگ چیمپیئن شپ 8 اگست سے لیزر سٹی بائولنگ کلب، صفا گولڈ، ایف سیون مرکز، اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ میں آٹھ کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، لیڈیز سنگلز، ایمچور، ڈیف مینز سنگلز، ڈیف لیڈیز سنگلز، ٹیم ایونٹ اور ٹیک ٹاکرز کے مقابلے شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے 14 اگست کو کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔




