ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن “حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک معرکہ حق” کے تحت ضلعی سطح پر جشنِ آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں جاری ہیں۔اسی سلسلے میں شجرکاری مہم کے تحت مسلم لیگ (ن)کے رہنما حارث امجد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید جمیل حیدر شاہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے پودا لگا کر شجرکاری مہم میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ماحولیاتی تحفظ، آلودگی میں کمی اور سرسبز پنجاب کے عزم کا اعادہ کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی کی قدر کے ساتھ ساتھ ماحول کی حفاظت بھی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، شجرکاری ایک قومی فریضہ ہے جس میں تمام شہریوں کو بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔دوسری جانب، جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ضلع بھر کی سرکاری و نجی عمارات کو سبز روشنیوں سے روشن کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر تقریبات کو منظم، بامقصد اور شایانِ شان انداز میں جاری رکھا جا رہا ہے۔




