مظفرآباد (نامہ نگار) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے سلسلے میں مظفرآباد کے حلقہ ایک ایل اے 27میں آج پولنگ ہورہی ہے، جبکہ حلقہ دولچھراٹ ایل اے28کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر بھی ووٹ ڈالے جارہے ہیں، جہاں پر 2 اگست کو پولنگ ملتوی ہوگئی تھی۔مظفرآباد ڈویژن میں دوسرے مرحلے کے انتخابات 2 اگست کو منعقد ہوئے تھے، تاہم راستوں کی بندش کے باعث یہاں پولنگ میٹریل اور عملہ نہیں پہنچ سکا تھا جس کے باعث حلقہ ایک میں الیکشن ملتوی کردیے گئے تھے، جبکہ حلقہ 2 کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر بھی پولنگ ملتوی کی گئی تھی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ شیڈول کے مطابق صبح سے ہی پولنگ کا آغاز ہوا، جہاں ووٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ حلقہ ایک اور حلقہ 2 میں پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔حلقہ ایک اور 2 مظفرآباد میں پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن نے 2 مراحل کے انتخابات میں 23 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کرلی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران پونچھ ڈویژن میں 10 اگست کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جس کی تیاریاں جاری ہیں۔




