آزاد کشمیر میں الیکشن، ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد ہو گا

مظفرآباد(نامہ نگار)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے ضابط اخلاق جاری کرتے ہوئے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا کہ عام انتخابات کے دوران ضابط اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، کمیشن شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی ضابط اخلاق کی پابندی کریں اس حوالے سے وضاحت کی گئی ہے کہ وفاقی اور صوبائی وزرا انتخابی مہم چلا سکتے ہیں، مگر سرکاری پروٹوکول اور وسائل استعمال نہیں کر سکتے، سرکاری مشینری کو انتخابی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ضابط اخلاق کی خلاف ورزی ہوگی،اسی طرح انتخابی مہم کے دوران نئی ترقیاتی اسکیموں یا مالی پیکجز کا اعلان ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ عوامی مفاد کے نئے منصوبوں کے اعلانات بھی خلاف ورزی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے وفاقی و صوبائی وزرا، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ضابط اخلاق پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کہا گیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں وفاقی یا صوبائی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی گاڑیاں، سامان اور امدادی اشیا ضبط کر لی جائیں گی،ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں