لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات بحال کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق گریڈ 8کے امتحانات پیکٹا لے گا، اگلے 30دن میں لائحہ عمل بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں تعلیمی اصلاحات حوالے سے متعدد اہم امور پر غور آئے۔ اجلاس میں وزیر تعلیم نے پانچویں سے ساتویں تک انٹرنل امتحانی نظام کو موثر بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ پانچویں، چھٹی اور ساتویں کلاس کے امتحانات بطور اسسمنٹ ٹیسٹ لئے جائیں۔رانا سکندر حیات کا کہنا تھاا کہ ایک ماہ میں انٹرنل اسسمنٹ ٹیسٹ کا طریقہ کار وضع کیا جائے،اسسمنٹ ٹیسٹ سے اساتذہ اور طلباکی پرفارمنس پرکھی جا سکے گی،آٹھویں کلاس کیلئے بورڈ امتحانات کا سلسلہ بحال کر رہا ہوں۔وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ پانچویں سے ساتویں تک اسسمنٹ ٹیسٹ کیلئے شفاف نظام لاگو کیا جائے۔اجلاس میں میٹرک ٹیک کی نہم و 11ویں کی کتب کو ویڈیو فارمیٹ میں بھی ڈھالنے پر غورکیاگیا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ آن لائن ٹیک ایجوکیشن کیلئے اکیڈمک کمیٹی ویڈیوز کی کوالٹی پر کام کرے،آئندہ سال کتب کی بروقت پرنٹنگ و ترسیل کیلئے ابھی سے کام شروع کر دیا جائے۔اجلاس میں مڈل میں ڈراپ آٹ ریشو کم کرنے کیلئے مختلف تجاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔




