فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سرسید ٹائون فلیٹ چوک میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کے دوران پیرا (PERA)کی ٹیم پر مشتعل افراد نے حملہ کر دیا، انویسٹیگیشن آفیسر زخمی جبکہ اہلکاروں کی وردیاں بھی پھاڑ دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ڈی او پیرا سٹی فیصل آباد نعمان مجید کی ہدایت پر پیرا فورس کی انفورسمنٹ ٹیم نے گزشتہ رات کے وقت قائداعظم مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی شروع کی۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور دکانوں کو سیل کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران ملزمان محسن اعجاز’ امین وغیرہ نے مزاحمت شروع کر دی۔ مشتعل افراد نے نہ صرف سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالی بلکہ پیرا کے دو سارجنٹس کی وردیاں پھاڑ دیں جبکہ انویسٹیگیشن آفیسر محمد حمزہ پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ کارروائی کے دوران موقع سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جنہیں فوری طور پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد تھانہ فیکٹری ایریا میں انویسٹیگیشن آفیسر محمد حمزہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے خلاف سرکاری اہلکاروں پر حملہ، کارِ سرکار میں مداخلت اور دیگر دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔پیرا حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔




