اتحاد اور محنت کے ذریعے اپنی برادری کو مضبوط بنانا ہو گا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آرائیں ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آرائیں کلچر ڈے کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا’ تقریب کی صدارت سینئر نائب صدر انجمن آرائیاں پنجاب میاں امجد اقبال نے کی’ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرائیں ایسوسی ایشن فیصل آباد کے چیئرمین میاں جاوید اقبال چاچو ایڈووکیٹ نے کہا کہ آرائیں برادری ایک محنتی، باصلاحیت اور باوقار قوم ہے جس کی خدمات ہر شعبہ زندگی میں نمایاں ہیں۔ ہمیں اپنے کلچر، روایات اور اقدار کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہوگا تاکہ ہماری شناخت برقرار رہے۔ سینئر نائب صدر میاں عابد نایاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آرائیں کلچر ڈے منانے کا مقصد اپنی روایات کو اجاگر کرنا اور نوجوان نسل میں شعور بیدار کرنا ہے۔ ہمیں تعلیم، اتحاد اور محنت کے ذریعے اپنی برادری کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ تقریب کے انعقاد میں سیکرٹری جنرل آرائیں ایسوسی ایشن یوتھ ونگ پاکستان میاں احمد علی نے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے تقریب کے انتظامات کو کامیاب بنانے میں پوری محنت کی کلیدی ذمہ داری نبھائی اور نوجوانوں کو منظم کر کے ایک مثبت پیغام دیا۔ اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہمیں انہیں اپنی ثقافت، تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہوگا تاکہ ایک مضبوط اور باوقار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ تقریب کے دوران دیگر عہدیداران جن میں میاں زاہد جاوید، میاں پرویز اختر، میاں ابوبکر جواداور دیگر معززین شامل تھے نے اس اقدام کو سراہا۔آخر میں سینئر نائب صدر انجمن آرائیاں پنجاب میاں امجد اقبال نے آرائیں کلچر ڈے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں