فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد عابد حسین بھٹی نے کہا ہے کہ ادارے میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ کسی بھی افسر یا ملازم کو سرکاری وسائل کے غلط استعمال، مالی بے ضابطگی یا کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ادارے میں کسی قسم کے مافیا، گروہ یا بااثر افراد کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ کوئی شخص کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اگر وہ ادارے کے معاملات میں غیر قانونی مداخلت، کرپشن، بے ضابطگی یا سرکاری وسائل کے غلط استعمال میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے بتایا کہ سرکاری تیل کی چوری اور مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے میں ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں محمد شفیق اشرف ٹرانسپورٹ آفیسر اور عمران محمود پمپ انچارج کو شوکاز جبکہ اعجاز احمد اسسٹنٹ ٹرانسپورٹ آفیسر، غلام مرتضی فیول ڈسپنسر اور محمد عرفان فیول ڈسپنسر کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید قانونی و شفاف تحقیقات کے لیے کیس اینٹی کرپشن پنجاب کو بھجوا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے میں ذمہ دار افراد کا تعین باقاعدہ تحقیقات کے ذریعے کیا جائے گا اور قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عابد حسین بھٹی نے کہا کہ صفائی کے نظام میں شفافیت، میرٹ، جوابدہی اور عوام کو بہتر سروسز کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کسی بھی سطح پر کرپشن، غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ ادارے کے معاملات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے نگرانی اور احتساب کے عمل کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اہم وژن ہے، جسے کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور فیصل آباد میں صفائی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے افسران و ملازمین کو اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، خلوص اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ایم ڈی ستھرا پنجاب فیصل آباد نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب کے مشن میں کرپشن، بدعنوانی اور غفلت کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ ادارے کی ساکھ، عوامی اعتماد اور سرکاری وسائل کے تحفظ کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا اور مستقبل میں بھی کسی افسر یا ملازم کے خلاف کرپشن یا بدعنوانی کے شواہد سامنے آئے تو قواعد و ضوابط کے مطابق فوری کارروائی کی جائے گی۔ ادارے میں شفافیت اور میرٹ کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




