ادویات کی قیمتوں بارے شفاقیت کو فروغ دینا ناگزیر ہے

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وزیراعظم کی ادویات کی قیمتوں سے متعلق کابینہ کمیٹی کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈرگ پرائسنگ کمیٹی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ)کے پالیسی بورڈ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ مصطفی کمال اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈریپ کی جانب سے ادویات کی قیمتوں کے تعین، ہارڈ شپ کی بنیاد پر دائر درخواستوں، ادویات کی قیمتوں سے متعلق دیگر معاملات اور ضروری ادویات کی دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں گزشتہ اجلاس کے بعد ہونیوالی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور کمیٹی کے غور و خوض کیلئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتوں سے متعلق تمام فیصلے شفاف، شواہد پر مبنی اور مشاورتی عمل کے تحت کیے جائیں اور ان میں عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ضروری ادویات تک مریضوں کی رسائی، ادویہ سازی کے شعبے میں سپلائی کا تسلسل اور مریضوں کے لیے ادویات کی استطاعت کے درمیان متوازن حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔وزیر خزانہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اہم ادویات کی قیمتوں سے متعلق فیصلوں کی وجوہات اور حکومتی موقف عوام تک موثر انداز میں پہنچایا جائے تاکہ اس حوالے سے شفافیت اور اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ سیکرٹری قومی صحت محمد اسلم غوری، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ، وزارت تجارت اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں