اراضی کے تنازع پرسب انسپکٹر قتل

صوابی (نامہ نگار)تحصیل رزڑ کے علاقے کالوخان میں چھٹی پر گھر آئے سپیشل برانچ مردان آفس کے سب انسپکٹر قمر زمان خان کو مبینہ طور پر اراضی کے تنازع پر رشتہ دار نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتول کے بیٹے بابر زمان نے تھانہ کالوخان میں درج ایف آئی آر میں بتایا کہ بدھ کی شام اس کے والد اپنے حجرے میں بیٹھے تھے کہ اس دوران ظفر ولد محمد ظہور سکنہ کالوخان نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے کالوخان اسپتال منتقل کردی۔ مقتول کے بیٹے نے واقعے کی وجہ عناد اراضی کا تنازع بیان کیا ہے۔پولیس کے مطابق قمر زمان خان ضلع مردان میں سپیشل برانچ میں تعینات تھے اور پولیس ٹریننگ اسکول شاکس پشاور میں آئی ٹی کورس کررہے تھے۔ وہ بدھ کو چھٹی پر اپنے آبائی گھر موضع کالوخان، ضلع صوابی آئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں