اساتذہ کی پرموشن کا عمل بروقت مکمل کرنا خوش آئند ہے

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبدالکریم سے آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس (AGEGA) پنجاب کے چیئرمین حافظ غلام محی الدین اور تنظیم اساتذہ پاکستان ضلع فیصل آباد کے صدر حافظ عبدالناصر نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے فیصل آباد بورڈ کے میٹرک امتحانات میں سرکاری سکولوں کی شاندار کارکردگی اور تین پوزیشنز حاصل کرنے پر رائو عبدالکریم کو مبارکباد پیش کی اور سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔وفد نے سینکڑوں اساتذہ کی بروقت پروموشن کا عمل مکمل کرنے پر بھی سی ای او ایجوکیشن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر طلبہ کی کردار سازی کے حوالے سے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے تربیتِ طلبہ کے پروگرام کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔سی ای او ایجوکیشن رائو عبدالکریم نے وفد کو بتایا کہ طلبہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم اور عملی مہارتوں کے فروغ کے لیے ”Learn to Earn” پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں 200طلبہ کو مفت آئی ٹی کورس کروایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام مکمل کرنے کے بعد طلبہ اپنی حاصل کردہ مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معقول آمدن حاصل کرنے کے قابل ہوں گے اور اپنے خاندانوں کی کفالت میں بھی کردار ادا کر سکیں گے۔ پائلٹ پروگرام کی کامیابی کے بعد فیصل آباد کی ہر تحصیل میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ مراکز قائم کرکے آئی ٹی ٹریننگ کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں