اسلام آباد ایئر پورٹ ٹریفک بندش، خواجہ سعد رفیق کی تنقید

اسلام آباد (بیورو چیف) سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر ٹریفک بندش اور پرواز چھوٹ جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں سکردو جانا تھا، تاہم جب اسلام آباد ایئرپورٹ کے باہر پہنچا تو دیکھا کہ راولپنڈی پولیس نے ایئرپورٹ جانے والی تمام ٹریفک روک رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ کوشش کے باوجود ٹریفک بندش کی کوئی معقول وجہ نہیں بتائی گئی۔ ان کے مطابق ایئرلائن نے بھی ٹریفک کی جبری بندش کے باوجود پرواز کو مقررہ وقت سے پہلے بند کر دیا، جس کے باعث ان سمیت 13مسافر اسکردو جانے والی پرواز سے محروم رہ گئے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایئرپورٹ کے اطراف سینکڑوں مسافر، خواتین، بچے اور بزرگ شدید گرمی میں پریشان کھڑے رہے جبکہ مختلف پروازوں کے متعدد مسافروں کی فلائٹس بھی چھوٹ گئیں۔انہوں نے کہا کہ بے حسی اور نااہلی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے،اس معاملے پر دہشت گردی کی اطلاع کی کہانی نہ سنائی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں