اسلام آباد (بیورو چیف)اسلام آباد پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری سمیت 8جرائم پیشہ عناصر گرفتار کر کے قبضہ سے منشیا ت اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارلحکومت میں شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتار ی کے لئے موثر کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس سلسلے میں تھانہ کوہسار، تھانہ وومن، تھانہ ترنول ، تھانہ شمس کالونی ، تھانہ سہالہ اور تھانہ لوہی بھیر پولیس ٹیموں نے سات ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے217گرام آئس،50 بوتلیں شراب اور مختلف بور کے تین عدد پستول معہ ایمونیشن برآمد کر لئے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مجرمان اشتہا ری اور عدالتی مفرروان کی گرفتاری کیلئے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران ایک مجرم کی گرفتاری عمل میں لا ئی گئی۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارلحکومت میں شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔کسی بھی عناصر کو شہریوں کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔




